فی الوقت کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہا: چودھری نثار

Last Updated On 27 October,2018 09:49 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز) چودھری نثارعلی خان کی بیرون ملک واپسی کے بعد اپنے آبائی حلقے آمد کے موقع پر کارکنان سے خطاب کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہا، کسی سیاسی جماعت میں شمولیت سے متعلق تمام خبریں حقائق کے منافی ہیں۔

ملک کے سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک ایک شدید سیاسی محاذ آرائی کی طرف بڑھ رہا ہے،  سیاسی محاذ آرائی کا تدارک نہ کیا گیا تو ملک میں عدم استحکام بڑھے گا، جو موجودہ حالات میں پاکستان کے مسائل میں بہت اضافہ کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس تناظرمیں حکومت کو چاہیے کہ وہ احتساب اور انتقام میں تفریق کرے، آج سیاست گالم گلوچ اور الزام تراشی کا دوسرا نام بن گئی ہے، سچ اور جھوٹ میں تفریق ختم ہو گئی تصادم اورجنگ کی کیفیت سے نکلنا ہوگا، شفاف و پرامن سیاست اورجمہوری عمل سے ہی پاکستان کومضبوط کیاجاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ چودھری نثار جنرل الیکشن کے بعد سیاسی منظر نامے سے غائب تھے۔ وہ بیرون ملک علاج کے سلسلے میں گئے تھے۔اور چند روز قبل ہی واپس لوٹے ہیں۔

اس سے قبل عام انتخابات کے موقع پر چودھری نثار نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا اور قومی اسمبلی کی کسی نشست پر کامیابی حاصل نہیں کر پائے تھے ۔ البتہ انہوں آزاد حیثیت میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر انتخاب جیتا تھا۔انہوں نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 10 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے 53145 ووٹ لے کر میدان مار ا تھا۔  

Advertisement