لاہور: (محمد ثقلین جاوید) سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے داماد علی عمران کی مشکلات میں مزید اضافہ، کرپشن کیس کے مرکزی ملزم نے نیب سے 49 کروڑ 92 لاکھ روپے کی پلی بارگین کر لی۔
احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے پنجاب انرجی ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں کروڑوں روپے کے کرپشن کیس میں مزید سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی۔ سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید نے 49 کروڑ 92 لاکھ ایک ہزار 392 روپے کی پلی بارگین کی درخواست دی، چیئر مین نیب کی طرف سے پلی بار گین کی منظوری کے بعد حتمی منظوری کے لئے احتساب عدالت میں درخواست پیش کر دی گئی۔
علی عمران پر بھی اکرام نوید سے کروڑوں روپے رشوت لینے کا الزام ہے جس میں عدالت 11 اکتوبر کو علی عمران کی تمام جائیداد قرق کرنے کا حکم دے چکی ہے۔ ملزم اکرام نوید نے دوران سروس تین مختلف جگہوں پر تعیناتیوں کے دوران قومی خزانے کو 49 کروڑ 92 لاکھ 1ہزار 328 روپے کا نقصان پہنچایا۔ ملزم کی طرف سے پی ایل ڈی سی ایل میں 23 کروڑ 27 لاکھ 86 ہزار 295 روپے کی کرپشن کا اعتراف کیا گیا، ایرا میں 20 کروڑ 83 لاکھ 43 ہزار 746 روپے کی کرپشن کی۔ پی ایچ اے میں 3 کروڑ 72 لاکھ 50 ہزار 3 سو روپے غیر منقولہ جائیداد سے منافع کی مد میں ایک کروڑ 77 لاکھ 96 ہزار2سو جبکہ منقولہ جائیداد سے منافع کی مد میں 30 لاکھ 24 ہزار 851 روپے کی رقم حاصل کرنے کا اعتراف کیا۔
ملزم نے اپنے بیٹے کے نام پر 122 کنال تین مرلے زرعی اراضی دینے کے ساتھ ساتھ دیگر جائیداد بھی دینے کا معاہدہ کیا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست پیش کی۔ عدالت کے روبرو نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے بتایا کہ ملزم کی پلی بارگین کی درخواست چیئرمین نے منظور کر لی ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید نے پنجاب انرجی ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں تعیناتی کے دوران قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ اینٹی کرپشن نے ملزم اکرام نوید اور اس کی اہلیہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ جس کے بعد یہ کیس نیب میں منتقل ہوا۔ سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید پر الزام ہے کہ اس نے اپنی تعیناتی کے دوران اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ملزم نے کاسمک کنسلٹنٹ کو غیر قانونی ادائیگیاں کیں حالانکہ ان کے پاس کوئی ٹھیکہ بھی نہیں تھا۔ جس پر اکرام نوید اور عمر شمشاد ثمینہ سمیت دیگر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزم نے کرپشن کی رقم سے اپنی اہلیہ اور بچوں کے نام پر جائیدادیں خریدیں ۔اس مقدمے میں اکرام نوید اسکی اہلیہ، برادر نسبتی سمیت دیگرملزمان شامل ہیں۔