شیخوپورہ: (دنیا نیوز) شیخوپورہ کے علاقہ مریدکے میں درینہ دشمنی کی بنا پر پولیس انسپکٹر سمیت 3 افراد کو قتل کر دیا گیا، قتل ہونے والا پولیس انسپکٹر ذاہد راٹھور تھانہ رنگ محل لاہور میں ایس ایچ او تعینات تھا۔
شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر کھاری بٹ گروپ نے اندھا دھند فائرنگ کر کے راٹھور گروپ کے 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ لاہور تھانہ رنگ محل میں ایس ایچ او تعینات انسپکٹر زاہد راٹھور اپنے پرائیویٹ گن مینوں کے ساتھ ابھی گھر سے نکلا ہی تھا کہ چوک میں کھڑی کار کے اندر گھات لگائے بٹ گروپ کے افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر زاہد راٹھور عرف پہلوان، گن مین بھولا اور پپو شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گئے۔
مریدکے میں کیبل نیٹ ورک لگانے کے معاملے پر کھاری بٹ اور متین راٹھور گروپ میں 5 سال سے دشمنی چلی آرہی ہے، پانچ سال کے دوران 10 فراد دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں اور قتل کے مقدمات میں بٹ گروپ کے تمام ملزمان اشتہاری ہیں، تھانہ سٹی مریدکے پولیس نے لاشوں کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بجھوا دیا ہے۔ ڈی ایس پی مریدکے کا کہنا تھا کہ انسپکٹر زاہد راٹھور گھر سے نکلے تو گاڑی میں موجود مخالفین نے فائرنگ کر دی، ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔