لاہور: (دنیا نیوز) فواد چودھری کا کہنا ہے املاک کے نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے تخمینہ لگایا جا رہا ہے، صوبے شام تک تفصیلات دیں، ہنگامہ آرائی کرنے والوں نے مذہب کی آڑ لی۔
وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم تاریخی دورہ چین کے بعد آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں، چین میں تاریخی معاہدوں پردستخط ہوئے، باہمی تجارت ڈالر کے بجائے چینی کرنسی میں ہو گی، سی پیک کے ذریعے ترقی کے دروازے کھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پاک چین تعلقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، وزیراعظم تاریخی دورے کے بعد آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں جس کے بعد معاشی پیکج سےمتعلق وزیرخزانہ تفصیلات بتائیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے، پہلے عوام کا پیسہ واپس دیا جائے۔ اپوزیشن کہتی ہے این آر او، ہم کہتے ہیں نہ رو۔ اپوزیشن ہار گئی اس لئے دھاندلی کا کہتی ہے۔ اس وقت عالمی برادری سے تعلقات سابق حکومت کے مقابلے بہترہیں، اسلامی دنیا اپنے مسائل کےحل کیلئے عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مذہب کے نام پر سیاست کرنیوالوں کا سب کو پتا ہے، ایک بچے سے کیلے چھین لئے گئے، صوبوں سے املاک کے نقصان، شرپسندوں کی تفصیل آج مانگی ہے، احتجاج کرنے والوں کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں تھی تاہم اس اہم موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے مثبت کردار ادا کیا۔