وزیراعظم کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا پہلا اجلاس

Last Updated On 06 November,2018 03:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملک کی مجموعی داخلی و خارجی سلامتی، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جائزہ لیا جائے گا۔ دینی جماعتوں کے احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کیخلاف سخت اقدامات اور متاثرین کو معاوضہ دینے سے متعلق امور پر غور ہوگا۔

 وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا پہلا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں جاری ہے۔ جس میں دفاع، خارجہ، خزانہ، اطلاعات کے وفاقی وزرا اور وزیر مملکت برائے داخلہ شرکت کرینگے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی داخلی و خارجی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ چین پر قومی سلامتی کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے۔ ملک بھر میں جاری دہشت گردی کیخلاف آپریشنز میں پیشرفت اور کامیابیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کابھی جائزہ لیاجائے گا۔

 ملک میں آسیہ مسیح کی رہائی کے فیصلے کے بعد دینی جماعتوں کے احتجاج کے بعد کی صورتحال پر غور ہوگا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ احتجاج کے دوران نقصانات اور توڑ پھوڑ سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دیں گے، احتجاج کی آڑ میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اور پرتشدد احتجاج سے متاثر ہونے والے عوام کو معاوضہ دینے کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔ توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار افراد کیلئے قانونی کمیٹیاں بنانے کی تجویز بھی زیرغور ہوگی۔

 

Advertisement