اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرخزانہ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا آج اجلاس ہوا جس میں پٹرولیم پالیسی 2012، شوگرانڈسٹری ٹیکسز، ایل این جی ٹرمینل سمیت دیگر معاملات زیر غور آئے۔ سٹیل ملز ملازمین کی ماہ ستمبر کی تنخواہوں کی ادائیگی اور بیوائوں کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دیدی گئی.
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا آج اجلاس ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کی، اجلاس میں پٹرولیم پالیسی 2012 میں ترامیم کا جائزہ لیا گیا، شوگرانڈسٹری کے ٹیکس معاملات بھی زیر غور آئے جن میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے اپنائے گئے طریقوں کا ازسرنو تجزیہ بھی شامل ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سٹیل ملزملازمین کی ستمبر 2018 کی تنخواہ کی منظوری دیدی گئی اور پنشنرز کی بیوائوں کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے، ای سی سی نے 50 ہزار ٹن یوریا درآمد کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ گندم کی امدادی قیمت 1300 روپے فی من مقرر کر دی گئی۔