اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہریار آفریدی کا کہنا ہے تحریک لبیک والوں نے فوٹیج دیکھ کر جلاو گھیراؤ کرنے والوں سے اظہار لاتعلقی کر دیا، جلاو گھیراؤ میں سیاسی کارکن ملوث ہیں، جنھیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔
وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے سینیٹ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک کے رہنماوں سے کل بھی مذاکرات ہوئے، قانون ہاتھ میں لینے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے، کچھ سیاسی جماعتوں کے ورکرز نے جلاؤ گھیراؤ کیا، ہم پاکستانیوں کو گلے لگائیں گے، گولی نہیں ماریں گے۔ انہوں نے کہا قانون توڑنے والوں کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، گزشتہ دنوں احتجاج کے موقع پر تمام پارٹیاں ایک پیج پر تھیں، کسی بھی ملک کیلئے قومی سلامتی اور امن اہم ہوتا ہے۔
شہریار آفریدی کا کہنا تھا اپوزیشن نے توہین آمیز خاکوں پر حکومتی اقدام کی تعریف کی، نئے پاکستان میں گولیاں اور لاٹھیاں چلانا حکومتی وطیرہ نہیں، عدالتی حکم پر عملدرآمد حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا ہم نمبر بنانے کیلئے گرفتاریاں نہیں کر رہے، حکومتی رٹ چیلنج کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی، چاہے وہ ایوان کا حصہ ہو۔