لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سندر کے قریب تیز رفتار منی ٹرک الٹ گیا، خوفناک حادثہ میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد زخمی ہو گئے، حادثہ کا شکار ہونیوالے 20 افراد کا تعلق ایک ہی گاؤں سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق، خوفناک حادثہ رائیونڈ روڈ پر سندر کے قریب پیش آیا، دودھ کے بڑے برتنوں سے لدا منی ٹرک تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا۔ ڈرائیور قریبی گاؤں بمباں کلاں سے دودھ لاہور شہر سپلائی کے لئے لا رہا تھا جبکہ ٹرک میں دودھ سپلائی کرنیوالے کئی افراد بھی سوار تھے۔ اوور لوڈ اور تیز رفتاری کے باعث منی ٹرک کا ایکسل ٹوٹ گیا۔
حادثہ کے نتیجہ میں 36 سالہ سہراب، 62 سالہ حمید، 48 سالہ صدیق، 29 سالہ عابد، 60 سالہ ابراہیم اور 40 سالہ نصر اور 35 سالہ سرور جاں بحق ہو گئے۔ حادثے میں 25 افراد زخمی ہوگئے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثہ کا شکار ہونیوالے 20 افراد کا تعلق ایک ہی گاؤں سے ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔