کراچی: سپر ہائی وے پر آئل ٹینکر اور ڈمپر میں تصادم، ڈرائیور جاں بحق

Last Updated On 16 November,2018 08:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپر ہائی وے پر انصاری پل کے قریب آئل ٹینکر اور ڈمپر میں تصادم ہو گیا، آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق، ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی، فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا۔

سپر ہائی وے انصاری پل کے قریب ٹریفک حادثہ، حیدر آباد سے کراچی آنے والے ٹریک پر آئل ٹینکر اور ڈمپر میں تصادم ہو گیا جس کے فوری بعد آگ بھڑک گئی۔

ڈرائیور مدثر جھلس کر زخمی ہوا جسے ہسپتال تو منتقل کیا گیا لیکن دوران علاج وہ انتقال کر گیا، دو ڈمپر اور ایک چھوٹا ٹرک بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئے، موٹروے حکام اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں، آئل ٹینکر میں وقفے وقفے سے دھماکے ہوتے رہے۔

حادثے کے بعد حیدر آباد سے کراچی آنے والا ٹریک ٹریفک کے لئے بند رہا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹینکر کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، فائر بریگیڈ نے ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔