سیہوں: (دنیا نیوز) سیہون میں انڈس ہائی وے پر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت مرتضیٰ بلوچ کے پروٹوکول کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، ورثا نے ٹائر جلا کر انڈس ہائی وے بلا ک کر دی۔
بھان سعید آباد شہر میں سندھ کے صوبائی وزیر برائے محنت و افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ کے پروٹوکول میں شامل پولیس موبائل نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے باعث موٹرسائیکل سوار عمران پنہور شدید زخمی ہوگیا جس کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ورثا کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر نے حادثے کا شکار نوجوان کا حال پوچھنے کی زحمت بھی گوارا نہ کی اور آگے نکل گئے، جبکہ بھان سعید آباد ہسپتال کے عملے نے بھی نوجوان کا بروقت علاج نہ کیا۔ ورثا کا مزید کہنا تھا کہ پہلے صوبائی وزیر کی گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری جس سے وہ نیچے گر گیا، پیچھے سے آنیوالی پروٹوکول کی گاڑی نے نوجوان کو کچل دیا۔
واقعہ کیخلاف نوجوان عمران کے ورثاء نے لاڑکانہ حیدرآباد انڈس ہائی وے روڈ پر ٹائرنذر آتش کر کے دھرنا دیدیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزیر اور ہسپتال عملہ کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔