سندھ حکومت نے انتقال کرجانے والا ڈاکٹر تھر میں تعینات کردیا

Last Updated On 27 October,2018 07:22 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) سندھ حکومت کا کارنامہ, پونے دو سال قبل انتقال کرجانے والے ڈاکٹر کو تھرپارکر میں تعینات کردیا ہے ۔

سپریم کورٹ کی جانب سے تھر کے معاملے پر ازخود سماعت کیس سے قبل سندھ حکومت نے 79 ڈاکٹرز کو تھر میں تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔تعینات کئے جانے والے ڈاکٹرز میں محمد طالب گزشتہ سال 2 فروری کو انتقال کرچکے ہیں جبکہ جاری کردہ آفس آرڈر میں ان کا نام شامل ہے ۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں انتقال کرجانے والے ڈاکٹر کا نام نمبر 9 پر لکھا ہوا ہے جن کو باقاعدہ تھر میں ہنگامی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد طالب کو بطور گریڈ 18 کے سینئر میڈیکل آفیسر سول ہسپتال میر پورخاص میں تعینات کیاگیا ہے ۔جبکہ دو فروری 2017 کو محمد طالب ولد محمد خان انتقال کرگئے تھے۔

واضح رہے کہ مرحوم ڈاکٹر کے ورثا نے پنشن اور دیگر مراعات حاصل کرنے کے لئے محکمہ صحت کو نادرا کا تصدیق شدہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا تھا اورمراعات بھی حاصل کرلی ہیں۔ 

Advertisement