اسلام آباد (دنیا نیوز) فیض آباددھرناکیس میں الیکشن کمیشن نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا، جواب میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک نےانتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کروا ئیں نہ ہی فنڈنگ کی۔ تحریک لبیک پاکستان کو اس سلسلے میں نوٹس بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
الیکشن کمیشن نے جواب میں کہا کہ تحریک لبیک نے 23 مارچ2017 کو پارٹی رجسٹر کرانے کی درخواست الیکشن کمیشن کودی، الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نےپولیٹیکل پارٹیزآرڈر2002 کےتحت تحریک لبیک کورجسٹرکیا، پارٹی مرکزی امیر حافظ خادم حسین رضوی کے نام پر رجسٹرڈہے، تحریک لبیک پاکستان نے اس نام پر اعتراض کرتے ہوئے استدعا کی کہ پارٹی کو تحریک لبیک یارسول اللہ کے نام سے رجسٹر کیا جائے۔
تحریک لبیک نے 2000 پارٹی کارکنوں کی فہرست اور2 لاکھ روپے فیس بھی جمع کر وائی۔ جواب میں کہا گیاہے کہ خادم رضوی نے بیان حلفی جمع کروایا کہ کسی بھی غلط اورغیرقانونی ذرائع سے پارٹی کوفنڈنگ نہیں ہوتی لیکن 60روزبعد بھی تحریک لبیک پارٹی فنڈنگ کی تفصیل الیکشن کمیشن کوجمع نہیں کرواسکی۔
تحریک لبیک پاکستان کو اس سلسلے میں نوٹس بھی جاری کیا جا چکا ہے۔