لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی عید میلاد النبی ﷺ منانے کے لیے تیاریاں اپنے عروج کو پہنچ گئیں ہیں۔ محافل کے انعقاد کے ساتھ ساتھ گلیاں، بازار برقی قمقموں سے جگمگانے لگے۔ بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
آزاد کشمیرکے اکثر شہروں میں ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوتے ہی سیرت کانفرنسوں سمیت محافل نعت کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ اس سال بھی عید میلاد النبی ﷺ جوش و جذبے سے منانے کے لیے ہر کوئی اپنے انداز سے تیاریوں میں مصروف ہے۔
شہریوں اور مختلف سماجی تنطیموں کی طرف سے بازاروں، اہم عمارات اورگھروں کو برقی قمقموں سے نت نئے انداز سے سجایا گیا ہے۔ شام ہوتے ہی گلیاں بازار جگمگا اٹھتے ہیں۔ عید میلاد کے حوالے سے کیے گئے چراغاں سے رات کو جہاں بازار جشن کا سماں پیش کرتے ہیں تو دوسری طرف دن کو بازاروں میں رنگ پرنگی جھنڈیوں اور پھولوں کی سجاوٹ دیدنی ہے۔