راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ لوگوں اور نوجوانوں کو اس پراپیگنڈے سے دور رکھنا ہماری بڑی ذمہ داری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بیسوی نیشنل سیکیورٹی ورک شاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، اس موقع پر شرکا سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اب ہمیں ہائبرڈ جنگ کا سامنا ہے جو کہ مذہبی، لسانی اور مسلکی ایشوز پر کی جا رہی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس جنگ کے مقابلے کے لیے قومی رسپانس کی ضرورت ہے، یہ ہماری بڑی ذمہ داری ہے کہ لوگوں اور نوجوانوں کو اس پراپیگنڈے سے دور رکھیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے کئی خطرات کا سامنا تھا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے کامیابی سے ان چیلنجز کا سامنا کیا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے ان تمام خطرات کو شکست دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان گنت قربانیوں کے صلے میں حاصل ہونے والے فوائد سے ہمیں ہر صورت فائدہ اٹھانا چاہیے، اب ہمارا وقت آ گیا ہے کہ ہم آگے بڑھیں اور ترقی کریں۔