اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کیلئے نوازشریف پیش ہوئے. سابق وزیراعظم جمعرات کو بقیہ سوالوں کے جوابات جمع کروائیں گے. ان کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر سے جرح کی.
العزیزیہ ریفرنس آخری مراحل میں داخل ہو گیا، سابق وزیراعظم نوازشریف آج عدالت پیش ہوئے تو ان کے وکیل خواجہ حارث نے فاضل جج کے روپرو موقف اخیتار کیا کہ سابق وزیراعظم آخری 4 سوالات کا جواب جمعرات کو جمع کروائیں گے۔ فاضل جج نے کہا کہ آج بیان مکمل کروا لیتے تو اچھا تھا، جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ آج تفتیشی پر جرح کر لیتے ہیں۔
گذشتہ روز نوازشریف نے 151 عدالتی سوالات میں سے 147 کے جواب ریکارڈ کرائے۔ حسین اور حسن نواز کے متعلق جذباتی باتیں، زبان کی لغزش بھی نوازشریف کے جواب کا حصہ رہی۔ نوازشریف نے 27 سوالات کے جواب قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ اکاؤنٹ میں بیرون ملک سے آنے والی رقوم درست طور پر ظاہر کیں، جے آئی ٹی کی تحقیقات کے دوران ریکارڈ بیانات قابل قبول شہادت نہیں، سپریم کورٹ کو متفرق درخواست میں جے آئی ٹی کے نام نہاد شواہد اور رپورٹ مسترد کرنے کی استدعا کی، جے آئی ٹی کی تحقیقات تعصب پر مبنی اور ثبوت کے بغیر تھیں۔