ہائیکورٹ علاقائی بینچ کا معاملہ لٹک گیا، تالہ بندی سےعدالتی نظام مفلوج

Last Updated On 20 November,2018 02:18 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں لاہور ہائیکورٹ کے علاقائی بینچ کا معاملہ حل نہ ہوسکا، سات روزہ عدالتی تالہ بندی سے جوڈیشل نظام مفلوج ہو گیا۔ ساڑھے 11 ہزار مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی، ضلع کچہری کے داخلی دروازوں کی تالہ بندی سے انتظامی اور محکمہ مال کے افسران کے دفاتر بھی نہ کھل سکے۔

گوجرانوالہ میں لاہور ہائیکورٹ کے علاقائی بینچ کے قیام کے مطالبہ میں شدت آ گئی ہے۔ سات روزہ عدالتی تالہ بندی سے ساڑھے 11 ہزار مقدمات کی سماعت نہیں ہوسکی۔ ساتویں روز بھی سیشن جج سمیت دیگر جوڈیشل افسران کی عدالتیں نہ کھل سکیں۔

مقدمات کی سماعت بند ہونے سے ہزاروں کی تعداد میں سائلوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ انصاف کا نظام مکمل طور پر بند ہے، وکلاء کی جانب سے ضلع کچہری کے سات داخلی دروازوں کی تالہ بندی کے باعث ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر انتظامی اور محکمہ مال کے افسران دفاتر میں نہیں پہنچ سکے جس کی وجہ سے مالی اور انتظامی امور دوسرے روز بھی تعطل کا شکار رہے۔

وکلاء کا کہنا ہے کہ انکا مطالبہ آئینی ہے اور اگر مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو وہ سی پی او اور آر پی او آفس کو بھی تالے لگا دیں گے۔