اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ نیب اور فوجداری قوانین میں ترمیم کے معاملے کو سو روزہ پلان سے الگ کر دیا گیا ہے، نیب اختیارات کے غلط استعمال کو روکنے کے ساتھ ای سی ایل قانون بھی بدلا جائے گا۔
نیب اور فوجداری قوانین میں ترمیم، 100روزہ پلان کے مطابق پیشرفت نہ ہو سکی۔ وزیر قانون فروغ نسیم آنے والے دنوں میں ترامیم کے لیے پُرعزم ہیں، انہوں نے نیب اور فوجداری قوانین میں ترمیم کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب اور فوجداری قوانین میں ترمیم کی جائے گی لیکن اس کے لیے وقت درکار ہے۔ ایف آئی آر کے اندراج اور تفتیش کے لیے وکلا کی خدمات لی جا سکتی ہیں۔
فروغ نسیم نے کہا کہ نیب اختیارات کے غلط استعمال کو روکنے کے ساتھ ای سی ایل قانون بھی بدلا جائے گا۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پہلے سو روز میں سول قوانین میں ترامیم کا ٹارگٹ حاصل کر لیا گیا ہے۔