لاہور: (دنیا نیوز) رمضان شوگر ملز کیس میں نیب شہباز شریف کے خلاف مزید شواہد حاصل کرنے میں مصروف ہے، پی اینڈ ڈی سے فنڈز کی تفصیلات طلب کر لی گئیں، حکومت پنجاب کو بھی خط لکھ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے لئے نئی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا، رمضان شوگر ملز کیس میں نیب نے شہباز شریف کے خلاف مزید شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دئیے ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے صوبائی محکمہ پی اینڈ ڈی سے رمضان شوگر ملز کے لئے جاری فنڈز کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ رمضان شوگر ملز کے لئے بنالہ بنانے کی مد میں پانچ کروڑ سے زائد مختص کئے گئے فنڈز کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔
نیب کی جانب سے حکومت پنجاب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ رمضان شوگز ملز کے لئے 2 کروڑ سپلیمنڑی گرانٹ مختص کئے جانے کا بھی ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
خط کے مطابق رمضان شوگر ملز کے لئے دو کروڑ روپے سیکرٹری ہاؤسنگ نے سپلیمنڑی گرانٹ کے طور پر جاری کئے، اس کی بھی تفصیلات فراہم کی جائیں، نیب کی جانب سے تین روز میں ریکارڈ جمع کروانے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔