لاہور: ( روزنامہ دنیا ) کارکنوں نے چیئرمین کے عہدے کیلئے اپنے طور پر درخواستیں دیں ، اعجاز چودھری ،تحصیل کی سطح تک عہدوں کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 دسمبر مقرر ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مدمقابل 200 سے زائد امیدوار سامنے آ گئے ، تحریک انصاف کے خالی عہدوں کے لئے درخواستیں جمع کرانے کا کل آخری روز تھا،چیئرمین تحریک انصاف کے عہدہ کے لئے پارٹی کارکنان نے آن لائن غلطی سے درخواستیں جمع کر ائیں ، بعض عہدوں کے لئے سینکڑوں درخواستیں بھی آ گئیں ، ہر امیدوار کو اس کی مہارت اور تجربہ کو مدنظر رکھتے ہوئے عہدہ دیا جائے گا ۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے عام انتخابات کے بعد ارکان اسمبلی منتخب ہونے والوں سے پارٹی عہدے واپس لے لئے تھے جبکہ کچھ دیگر پارٹی عہدے جو تاحال خالی تھے اور پنجاب کے سرکاری محکموں میں 44ہزار عہدے بھی خالی ہیں جو سیاسی لوگوں کو دئیے جاتے ہیں جن پر مسلم لیگ ن کے کارکن کام کر رہے تھے کو پر کرنے کے لئے پارٹی کارکنا ن سے آن لائن اور دستی درخواستیں مانگی تھیں جن کی آخری تاریخ گزشتہ روز رات بارہ بجے تک تھی ،یہ درخواستیں مرکز سے لے کر ضلع اور ریجن کی سطح تک کے عہدوں کے لئے طلب کی گئی تھیں تاہم چیئرمین تحریک انصاف کا عہدہ وزیر اعظم عمران خان اور سیکرٹری جنرل کا عہدہ ارشد داد کے پاس ہے ، اسی طرح جو دیگر عہدے خالی نہیں ہیں ان کے لئے درخواستیں طلب ہی نہیں کی گئی تھیں مگر کچھ پارٹی کارکنان نے غلطی سے یا جان بوجھ کر ان عہدوں کے لئے بھی آن لائن درخواستیں جمع کر ا دی ہیں جن میں چیئرمین تحریک انصاف کے لئے 200 سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں جبکہ تحصیل کی سطح تک درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 دسمبر ہے اور یوسی اور بلاک کوڈ (پولنگ سٹیشن ) کی سطح تک درخواستیں جمع کرانے کے لئے مزید 60 روز درکار ہوں گے ، بلدیاتی الیکشن سے قبل تمام عہدے پر کئے جائیں گے ۔ تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز چودھری نے روز نامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ خالی عہدے پر کرنے کے لئے جو آن لائن فارم اپ لوڈ کیا گیاہے اس میں خالی پارٹی عہدوں کا باقاعدہ ذکر موجود ہے تاہم اگر کچھ کارکنوں نے چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے کے لئے اپنے طور پر درخواستیں آن لائن بھیج دی ہیں اس پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔