لاہور: (دنیا نیوز) سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جو بیج بویا آج پودا بن چکا ہے، ان کا بچپن سے فین ہوں، 3 ماہ پہلے کئے وعدے کی آج تکمیل ہوئی۔ کرتار پور راہداری کھولنے کے وعدہ پورا کرنے پروزیراعظم عمران خان شکرگزار ہوں۔ نوجوت سدھو کرتار پور بارڈر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میںشرکت کیلئے پاکستان آمد پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے.
سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو واہگہ کےراستے لاہور پہنچے، انھیں پاکستانی حکام نے شرکت کی دعوت دی تھی۔ لاہور آمد پر نوجوت سنگھ کا کہنا تھا کہ 71 سال کا انتظار کرتار پور راہداری کی شکل میں مکمل ہوا، بارڈر کھلنے سے 12کروڑ سکھوں کو خوشی نصیب ہوئی. اس سے بڑھ کرخوشی نہیں مل سکتی۔
نوجوت سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا بچپن سےمداح ہوں، فنکاردلوں کوجوڑتا ہے، حلف برداری تقریب میں آنے پر تنقید کرنیوالوں کو معاف کرتا ہوں، سکھ برادری کیلئے کرتار پور راہداری دیوانگی سے کم نہیں، پاکستان اوربھارت کے درمیان کرکٹ میچز ہونے چاہئیں۔