اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کل کرتارپور میں پاک بھارت کوریڈور منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، تقریب میں شرکت کیلئے سکھ یاتریوں، صحافیوں اور مہمانوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، کرتار پور بارڈر کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگا دیئے گئے۔
واہگہ بارڈر کے ذریعے 15 بھارتی صحافی لاہور پہنچے جہاں انہیں خوش آمدید کہا گیا، سکھ یاتریوں کی بھی بڑی تعداد تقریب میں شرکت کیلئے نارووال پہنچ گئی۔ سکھ یاتریوں نے گرودوارہ بابا گورونانک پر حاضری دی اور دعائیہ تقریب میں شرکت بھی کی۔
کرتار پور بارڈر کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگا دیئے گئے ہیں جس سے تقریب کی مانیٹرنگ کی جائے گی، تقریب میں غیر ملکی مندوبین، وفاقی و صوبائی وزراء بھی شرکت کریں گے۔
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کو سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی، بھارتی وزیر خارجہ نے مصروفیات کی بنیاد پر معذرت کی جبکہ وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے پاکستان پر الزامات کی بارش کر دی تاہم نوجوت سنگھ سدھو پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
حکومت پاکستان کے منصوبے کے تحت کرتار پور میں بارڈر ٹرمینل کی تعمیر ہو گی، دریائے راوی پر پل بنے گا۔ منصوبہ بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر آئندہ سال پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ سرحد کے دونوں طرف راہداری مکمل ہونے کے بعد سکھ زائرین کو بارڈر سے گوردوارے تک ویزے کے بغیر سپیشل پرمٹ پر رسائی دی جائے گی۔
سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جو بیج بویا آج پودا بن چکا ہے، ان کا بچپن سے فین ہوں، 3 ماہ پہلے کئے وعدے کی آج تکمیل ہوئی۔ کرتار پور راہداری کھولنے کے وعدہ پورا کرنے پروزیراعظم عمران خان شکرگزار ہوں۔
نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ 71 سال کا انتظار کرتار پور راہداری کی شکل میں مکمل ہوا، بارڈر کھلنے سے 12 کروڑ سکھوں کو خوشی نصیب ہوئی، اس سے بڑھ کر خوشی نہیں مل سکتی۔ انہوں نے کہا فنکار دلوں کو جوڑتا ہے، عمران خان کی حلف برداری تقریب میں آنے پر تنقید کرنیوالوں کو معاف کرتا ہوں، سکھ برادری کیلئے کرتار پور راہداری دیوانگی سے کم نہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچز ہونے چاہئیں۔