کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن کورنگی میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں، مشتعل مظاہرین کی توڑ پھوڑ، دکان اور چار موٹر سائیکلیں جلا ڈالیں، سات گاڑیاں تباہ، پتھراؤ سے تین افراد زخمی، 9 کو حراست میں لے لیا گیا۔
کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن چار اضلاع تک پھیل گیا لیکن کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں سمٹ گیا جہاں رہائشیوں نے شدید مزاحمت کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
کراچی کا علاقہ کورنگی مہران ٹاؤن اس وقت میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا جب کے ڈی اے کی ٹیم پولیس کے ہمراہ ناجائز تعمیرات ختم کرنے پہنچی، علاقہ مکینوں نے گھر بچانے کے لیے مزاحمت کی تو پولیس کی جانب سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا جس کے نتیجے میں علاقہ مکین بپھر گئے اور پتھراؤ شروع کر دیا۔
پولیس اہلکار سمیت چار افراد زخمی ہوئے اور آپریشن روکنا پڑا۔ کے ڈی اے کی ٹیم کچھ دیر بعد مزید نفری کے ہمراہ علاقے میں پہنچی تو علاقہ مکین بھی تیار بیٹھے تھے۔
پولیس کے داخل ہوتے ہی پتھراؤ شروع کر دیا گیا۔ مظاہرین نے دو گاڑیاں الٹ دیں، چار موٹر سائیکلوں اور ایک سٹیٹ ایجنسی کو آگ لگا دی۔ صورتحال بگڑتی دیکھ کر رینجرز کو طلب کیا گیا جس نے 9 افراد کو حراست میں لے کر صورتحال کنٹرول کی تاہم علاقے میں اب بھی کشیدگی پائی جاتی ہے۔