اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا معاملہ موخر کر دیا۔ پاک افغان سرحد پر باڑلگانے کے لئے 20 ارب روپے مختص کرنے، سٹیل ملز اور ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی پنشن اور واجبات کی ادائیگی کے لیے مطلوبہ رقم فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے لئے 20 ارب روپے مختص، پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہیں اور واجبات ادا کرنے کی بھی منظوری کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں سے ملازمین فارغ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے ریڈیو پاکستان کے مالی استحکام کے لئے پلان تیار کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لئے 40 کروڑ روپے اضافی گرانٹ جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ سرکاری اداروں سے کسی بھی ملازم کو نہ نکالا جائے۔ کابینہ نے ٹیکس پالیسی کو محصولات کے شعبے سے علیحدہ کرنے اور گیس لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے ای سی سی کے فیصلے اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے لئے ڈائریکٹرز کے ناموں کی منظوری دی۔
کابینہ نے اضافی گندم پولٹری ایسوسی ایشن آف پاکستان کو دینے کی بھی منظوری دی جبکہ شوگر ملز کی ادائیگیوں کا معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بجھوا دیا۔