اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے پٹرول اورڈیزل کی قیمت میں 2روپےفی لٹرکمی کا اعلان کر دیا۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3روپے فی لٹر کمی کر رہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت میں اضافہ اچھی چیز نہیں، یہ سب کچھ روپے کی مصنوعی قدر برقرار رکھنے کے باعث ہوا، بیرونی قرض اضافے کے بعد 95 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
وزیرخزانہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری کوشش ہے عوام پرکم سے کم بوجھ ڈالاجائے، پٹرولیم مصنوعات کےٹیکس میں تھوڑا ردو بدل کررہے ہیں تجارتی اور ٹیکس پالیسی میں تبدیلیاں لارہے ہیں، پٹرولیم لیویز اور ٹیکس میں کمی کی۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2 ، مٹی کے تیل اور کیروسین کی قیمت میں 3روپے فی لٹر کمی کر رہے ہیں۔ ن لیگ کے دور میں پٹرول پر 15 فیصد ٹیکس تھا۔ اکتوبرمیں ہی پیٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا پر ہم نے قیمت نہیں بڑھائی۔