اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ن لیگ کی گزشتہ حکومت نے ڈالر کو مصنوعی طریقے سے کنٹرول کیا لیکن ان کی حکومت ایسا نہیں کرے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ روپے کی مصنوعی قدر معاشی بدحالی کی وجہ ہے، مانیٹری پالیسی کا ریٹ سیٹ کرنا سینٹرل بینک کا اختیار ہے، ڈالر کی طلب زیادہ ہے جبکہ رسد کم ہو رہی ہے، کوشش ہے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر مرتبہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا چاہتے، ڈالر کی قیمت میں اضافہ اچھی چیز نہیں، یہ سب کچھ روپے کی مصنوعی قدر برقرار رکھنے کے باعث ہوا، بیرونی قرض اضافے کے بعد 95 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت مصنوعی طریقے سے ڈالر کو کنٹرول کرتی رہی، مگر وہ ایسا نہیں کریں گے۔ ڈالر مہنگا ہونے سے وقتی طور پر مہنگائی ہو گی لیکن مستقبل میں اس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔