اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے، کچھ مشکل فیصلے کر لیے ہیں۔
وزیر خزانہ اسد عمر کا دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دی فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو معیشت کا برا حال تھا، سابق حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے، پچھلے سال دسمبر سے روپے کی قدر میں کمی آ رہی ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے دو لاکھ روپے سے زائد آمدنی والوں پر ٹیکس لگایا، غریب آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا، ستر فیصد غریب صارفین کے لیے بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلے پہلے چھ ماہ کے اندر ہوں گے، کچھ مشکل فیصلے کر لیے ہیں، معیشت کی بہتری میں دو سال لگیں گے، آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے اور سچ بولیں گے، سابق حکومت کی طرح اشتہاروں پر پیسہ نہیں لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مستقل چھٹکارے کے لیے ایکسپورٹ اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی۔