لاہور: (دنیا نیوز) شاہ عالم مارکیٹ میں بھی تجاوازت کے خلاف آپریشن آج پانچویں روز جاری رہا، تجاوازت کے زمرے میں آنے والی متعدد مزید پختہ تعمیرات گرا دی گئیں۔
شاہ عالم مارکیٹ میں جاری آپریشن کی نوعیت دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اِس مرتبہ یہاں سے تجاوزات کے خاتمے کا کافی پختہ ارادہ کیا گیا ہے۔ رات گئے3 منزلہ غیرقانونی پلازہ مسمار کر دیا گیا، پلازہ میں 60 سے زائد دکانوں کو مسمار کیا گیا ہے۔ پلازہ عالمگیر مارکیٹ میں سرکار کی جگہ پر بنایا گیا تھا۔
بھاری مشینری کی مدد سے دکانوں و گوداموں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ ایک دکان کی قیمت2 کروڑ سے زائد ہے۔ ڈی سی لاہور صالحہ سعید کا کہنا ہےکہ ضلعی انتظامیہ لاہور انسداد تجاوزات کے آپریشن کو پوری جانفشانی کے ساتھ جاری رکھے گی اور آپریشن میں کسی بھی قسم کا دباؤبرداشت نہیں کیا جائے گا۔