لاہور: (روزنامہ دنیا) ویسٹ سٹیبلائزیشن پاؤنڈ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، نئے منصوبے کے تحت مشینری کی ضرورت نہ ہوگی، بابو صابو پر پانی کی ٹریٹمنٹ کے لیے 13 ہزار ایکڑ اراضی پر تالاب بنائے جائیں گے، پانی زراعت کے لئے استعمال ہو سکے گا۔
راوی کے گندے پانی کو صاف کرنے کا نیا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا منصوبہ ترک کر دیا گیا، گندے پانی کو صاف کرنے کے لیے ویسٹ سٹیبلائزیشن پاؤنڈ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
سپریم کورٹ میں جمع کرانے کے لیے رپورٹ تیار کر لی گئی۔ راوی کے گندے پانی کو صاف کرنے کے لئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے تجویز شدہ ٹیکنالوجی کو کمیٹی نے مسترد کر دیا۔
واسا نے ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے "ایکٹی ویٹیڈ سلج پاؤنڈ (اے ایس پی) کی تجویز دی تھی، مگر ٹیکنالوجی مہنگی اور بجلی کی کھپت زیادہ ہونے کے باعث اے ایس پی ٹیکنالوجی کی تجویز مسترد کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات پر بننے والی سپیشل کمیٹی نے پانی کی ٹریٹمنٹ کے لیے "ویسٹ سٹیبلائزیشن پاؤنڈ (ڈبلیو ایس پی)" کا نیا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
نئے منصوبے کے تحت پانی کی ٹریٹمنٹ کے لیے مشینری کی ضرورت نہیں ہو گی۔ ویسٹ سٹیبلائزیشن پاؤنڈ ٹیکنالوجی کے تحت کئی سو ایکڑ پر محیط تالاب بنائے جائیں گے۔
بابو صابو پر پانی کی ٹریٹمنٹ کے لیے 13 ہزار ایکڑ اراضی درکار ہو گی۔ ویسٹ واٹر کی ٹریٹمنٹ کے بعد پانی کو زراعت اور ہارٹی کلچر کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔