اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالم جبہ کیس میں انھیں کسی قسم کی کلین چٹ نہیں دی گئی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا جے آئی ٹی کو دیا جانے والا بیان غیر تسلی بخش ہے، انھیں قانون کے مطابق کسی وقت بھی دوبارہ بلایا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان گزشتہ روز مالم جبہ اراضی کیس میں نیب کے روبرو میں پیش ہوئے تھے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ نیب نے انھیں سابق صوبائی وزیر سیاحت کی حیثیت سے طلب کیا، اداروں کا احترام کرتے ہیں، نیب آفس میں آخری پیشی ہے، نیب نے مجھے کلین چٹ دے دی ہے اور کوئی سوالنامہ نہیں دیا گیا۔