پشاور: (دنیا نیوز) مالم جبہ اراضی کیس میں خیبر پختونخوا کے وزیر سیاحت عاطف خان نیب میں پیش ہوئے، انہوں نے کہا کہ پہلے یہ فیصلہ ہونا ضروری ہے کہ زمین کس کی ہے؟ نہ کوئی دستخط کیا نہ کوئی پریشر ڈالا۔
سوات مالم جبہ اراضی کیس میں سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان نیب کے طلب کرنے پر پیش ہوئے جہاں ان سے تفتیشی ٹیم نے پوچھ گچھ کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں عاطف خان کا کہنا تھا کہ مالم جبہ اراضی لیز پر دینے سے متعلق اجلاس میں شرکت کی تھی، پانچ سال کے دوران سو سے زائد میٹنگز میں شرکت کی، نیب کی طرف سے سوالنامہ دیا گیا ہے، میں اس کا جواب دوں گا۔
وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ اگر میرے دباؤ پر یہ ٹھیکہ دیا گیا تو قصوروار ہوں، زمین والی سوات نے حکومت پاکستان کو تحفہ میں دی تھی۔
پشاور کے ضلعی ممبران کے اعزازیے میں مبینہ خورد برد کے الزام میں ضلعی نظام محمد عاصم بھی نیب خیبر پختونخوا میں پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔