لاہور: (دنیا نیوز) ریلوے میں خسارے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران نیب نے سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کو سپریم کورٹ میں پیش کر دیا۔ سعد رفیق کے وکیل نے خسارے پر آڈٹ پیراز کا جواب جمع کرا دیا۔
ریلوے خسارے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کی، سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کو نیب نے عدالت پیش کیا۔ سعد رفیق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آڈٹ پیراز میں کوئی کرپشن یا بے ضابطگی نہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ لاسز تو ہوئے ہیں نا؟ جس پر سعد رفیق کے وکیل نے کہا کہ یہ لاسز نہیں بلکہ خسارہ ہے جو 65 سال سے چلتا آ رہا ہے۔
دوران سماعت سعد رفیق نے کہا کہ مجھ سے پہلے 5 کروڑ 80 لاکھ پنشن کی مد میں حکومت دیتی تھی، میرے دور میں 2 کروڑ 10 لاکھ ریلوے نے خود پنشن میں دیئے، اب تو شاباش دے دیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا شاباش تب ملے گی جب معاملہ حل ہو جائیگا۔ عدالت نے آڈیٹر جنرل اور وفاقی حکومت کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت بھی کر دی۔