پشاور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ دھمکیوں سے خاموش نہیں کرایا جا سکتا، نیب کے خلاف منظم پروپیگنڈے کا کارکردگی سے جواب دیں گے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب خیبر پختونخوا آفس کا دورہ کیا جہاں ڈی جی نیب نے انھیں میگا کرپشن مقدمات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میگا کرپش کے مقدمات کو انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ میگا کرپشن کے مقدمات الماریوں سے نکال کر 44 0 ریفرنسز دائر کئے۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹارلرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ نیب خلاف منظم پروپیگنڈے کا کارکردگی سے جواب دینگے۔ خیبر پختونخوا میں بدعنوانی کے مقدمات کو شفافیت سے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھمکیوں کے ذریعے نیب کو خاموش نہیں کیا جا سکتا، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ کرینگے۔