گیس بحران: وزیراعظم نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مسترد کر دی

Last Updated On 26 December,2018 08:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے حالیہ گیس بحران پر قائم فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مسترد کر دی، سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن کو بحران کے ذمہ داروں کا تعین کر کے اٹھائیس دسمبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل خان کی سربراہی میں قائم کردہ چار رکنی فیکٹ فائنڈ نگ کمیٹی کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی دوبارہ انکوائری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم نے سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن میاں اسد حیا الدین کو دوبارہ انکوائری اور بحران کے ذمہ داروں کا تعین کر کے اٹھائیس دسمبر تک رپورٹ پیش کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں گیس بحران کے ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا گیا، اس لئے سیکریٹری پیٹرولیم کو یہ معاملہ دوبارہ دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے حالیہ گیس بحران پر بارہ دسمبر کو چار رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے تحت ایم ڈی ایس این جی پی ایل اور ایم ڈی ایس ایس جی سی ایل کے خلاف انکوائری کرنے سمیت سردیوں میں لوڈ مینجمنٹ اور آر ایل این جی کی طلب و رسد کی صورت حال کا جائزہ لینے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ فیکٹ فائنڈ نگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی ہے۔