جے آئی ٹی رپورٹ سیاسی مقاصد کیلئے لیک کی گئی، خرم دستگیر

Last Updated On 01 January,2019 06:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ سیاسی مقاصد کے لئے لیک کی گئی۔ وزارت داخلہ کا قلمدان وزیر اعظم عمران خان کے پاس ہے، وہ اپنے ماتحت وزارت کے امور سے کیسے لاعلم رہ سکتے ہیں؟

 

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے ماتحت وزارتوں کے امور سے لاعلمی کا اظہار نہیں کر سکتے۔ جے آئی ٹی رپورٹ سیاسی مقاصد کے لیے لیک کی گئی۔ تحریک انصاف اور عمران خان نے اصغر خان کیس میں 26 سال مخالفین کی پگڑیاں اچھالیں، اب کیس بند کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔ الزامات لگانے والوں میں عمران خان سب سے آگے تھے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر نے کہا کہ شہباز شریف کے طبی معائنے میں جان بوجھ کر تاخیری حربے اختیار کئے جا رہے ہیں۔ عمران خان سیاسی انتقام میں انسانی جان سے کھیل رہے ہیں۔

رانا تنویر نے کہا کہ نیب کی حراست میں پہلے بھی اموات ہو چکی ہیں۔ شہباز شریف کی صحت سے متعلق پارٹی میں تشویش پائی جاتی ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ تحریک انصاف مسائل پیدا کرنے میں خود کفیل ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹیوں کے قیام پر تحریک انصاف نے تنازع کھڑا کیا، معمولی بات تحریک انصاف کی ضد سے بڑا مسئلہ بنی۔