لاہور: (روزنامہ دنیا) موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، نوا زشریف اور مریم نواز رواں سال بڑا جرمانہ ادا کر کے ڈیل کے تحت بیرون ملک منتقل ہوجائیں گے۔ شریف خاندان کی سیاست میں مداخلت ختم، آصف علی زرداری گرفتار اور نااہل ہوں گے، ملک کے خارجی تعلقات کو تقویت ملے گی، ایشیامیں نیا تجارتی بلاک بنے گا جس سے ڈالر کی قدر ختم ہوگی، بشریٰ بی بی اور عمران خان پاکستان کے لئے مفید ثابت ہوں گے۔ حکومت کے اہم رہنماؤں کی گرفتاریوں کا امکان ہے، پی ٹی آئی کے 2023 کے بعد بھی اقتدار میں آنے کے امکانات پائے جا رہے ہیں۔
نیا سال 2019 کس کے لئے کیسا ہوگا ؟ کے حوالے سے معروف نجومی سید علی زیدی نے روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی دل کی بیماری مزید بڑھے گی اور ان کی صحت کے معاملات خراب ہوں گے ،ن لیگ کا پارٹی لیڈر شریف فیملی سے ہٹ کر نہ لیا گیا تو پارٹی ختم ہوجائے گی۔ میاں شہباز شریف پر زوال کی کیفیت رہے گی اور ان کے زیادہ چکر جیلوں اور عدالتوں میں رہیں گے اور ان کے نااہل ہونے کے بھی امکانات ہیں۔
پیپلز پارٹی کے حوالے سے علی زیدی نے کہا کہ آصف علی زرداری گرفتار اور نااہل بھی ہوں گے ان کی پارٹی کے اکثر و بیشتر رہنما گرفتار ہوں گے اور دوسرے ممالک سے بھی آصف علی زرداری کے ساتھیوں کی گرفتاریاں ممکنات میں ہیں۔ موجودہ حکومت کے حوالے سے انہوں نے کہا مہنگائی اور بے روزگاری مزید بڑھے گی اور سارا سال حکومت کو اس پریشر کا سامنا رہے گا ،بھارت کے ساتھ تعلقات اور تجارت میں بہتری آئے گی۔ دوسرے ممالک پاکستان کے ساتھ نرم پالیسیاں اپنائیں گے اور پاکستان خارجہ پالیسی مضبوط کرے گا۔نئے ڈیمز اور صوبوں کی تعمیر کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ سب سے اہم بات ہے کہ اسمبلیوں کی حیثیت ختم ہوکر رہ جائے گی کیونکہ زیادہ تر ارکان اسمبلی جیلوں میں ہوں گے، حکومت ارکان کی بھی گرفتاریوں کا امکان پایا جا رہا ہے موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ،قانون ساز ادارے مزید مضبوط ہونگے۔ عمران اور بشریٰ بی بی پاکستان کیلئے بابرکت ہوں گے، پاک ،بھارت کرکٹ میچ ہونے کے امکانات ہیں۔