کراچی: (دنیا نیوز) چڑیا گھر کے اطراف انسدادِ تجاوزات آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ کے ایم سی کو پولیس، رینجرز، کے الیکٹرک، ایس ایس جی سی سمیت متعلقہ اداروں کی معاونت حاصل ہے، چڑیا گھر کے اطراف 405 دکانیں اور دفاتر کو مسمار کیا جائے گا۔
کراچی میں ہیوی مشینری کے ذریعے تجاوزات کے خلاف آپریشن آج بھی جاری ہے، چڑیا گھر کے اطراف قائم تجاوزات، دفاتر اور دیواریں گرائی جا رہی ہیں۔ ان غیر قانونی تعمیرات کی تعداد 405 کے قریب بتائی گئی ہے، کے ایم سی کے علاوہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
پہلے دن ہیوی مشینری کی مدد سے آپریشن میں 150 دکانوں کو مسمارکیا گیا تھا، دفاتر گرانے پر متاثرین نے گزشتہ روز احتجاج بھی کیا تھا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے صورتحال کو کنٹرول کر لیاتھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ کارروائی عدالتی احکامات پر متعلقہ ایسوسی ایشن کی باہمی رضامندی سے کی جا رہی ہے، کرایہ داروں کو کاروبار کے لیے متبادل جگہ دینے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔