اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ہدایت جاری کی ہیں کہ نیب سے متعلق خبر کی تصدیق ترجمان سے کی جائے۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال نے قومی ادارے کے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاری تحقیقات کیلئے افراد کو مقررہ وقت پر بلائیں، ان کے ساتھ پوری تیاری، شواہد اور اخلاق سے پیش آئیں اور عزت نفس کا خیال رکھیں۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ کوئی کوتاہی اور غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر ایسا ہوا تو متعلقہ ڈی جی نیب ذمہ دار ہو گا۔
انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ میڈیا بھی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کے بارے قیاس آرائیاں نہ کرے۔ نیب سے متعلق خبر کی تصدیق ترجمان سے کی جائے۔ انہوں واضح کیا کہ قومی احتساب بیورو بے بنیاد اور حقائق کے منافی خبروں اور قیاس آرائیوں پر قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔