شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کیخلاف درخواست بغیر کارروائی ملتوی

Last Updated On 14 January,2019 01:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کے خلاف درخواست، لاہور ہائیکورٹ نے کارروائی بغیر کسی پیش رفت ملتوی کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے شہری جاوید اقبال قاضی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں اپوزیشن لیڈر پبلک اکاؤنسٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا اقدام چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست میں وزیراعظم عمران خان، الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواستگزار کا موقف ہے کہ احتساب کا عمل شفافیت کی بنیاد پر انجام دیا جا سکتا ہے، کرپشن کے الزامات میں گرفتار ملزم کو کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنایا جا سکتا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نیب اور دیگر احتساب کرنے والے اداروں کی بے توقیری کرتے ہیں، بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نیب، ایف آئی اے ودیگر اداروں کو طلب کر کے دباؤ میں لا سکتے ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کا اقدام کالعدم قرار دے۔ عدالت نے وکیل کے پیش نہ ہونے پر کارروائی بغیر کسی پیش رفت ملتوی کر دی۔