اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت کا ڈرافٹ تیار

Last Updated On 08 January,2019 11:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا، ان کی منظوری کے بعد درخواست ضمانت لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق امجد پرویز ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں اپوزیشن لیڈر کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کرنے کے لیے قانونی نقاط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے، ان کی منظوری کے بعد درخواست ضمانت لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

لاہور ہائی کورٹ میں شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی جائے گی اور کرپشن الزامات کو درخواست ضمانت میں بنیاد نہیں بنایا جائے گا۔

شہباز شریف کی درخواست ضمانت آئندہ چند روز میں لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی جائے گی۔ یاد رہے کہ شہباز شریف کو 5 اکتوبر کو نیب نے آشیانہ اقبال پراجیکٹ میں کرپشن کے الزامات پر گرفتار کیا جبکہ ان کیخلاف رمضان شوگر ملز اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائریز زیر التوا ہیں۔