لاہور: (دنیا نیوز) عوامی تحریک نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔ عوامی تحریک کی قیادت کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے چیئرمین پی اے سی بننے سے آئینی فورم کا وقار مجروح ہوا۔
عوامی تحریک کا مشاورتی اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں کور کمیٹی کے ممبران، صوبائی صدور اور مرکزی عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کرپشن کے ساتھ بے گناہوں کے قتل عام کے براہ راست ملزم ہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا آئینی فورم مذموم مقاصد کیلئے استعمال ہو رہا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کرپٹ شخص کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ درست ہے، کرپٹ چیئرمین جب تک سیٹ پر بیٹھا رہے گا، تماشے ہوتے رہیں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جسے جیل میں ہونا چاہیے وہ ایک اہم آئینی کمیٹی کا سربراہ بنا بیٹھا ہے۔