کراچی: (دنیا نیوز) مرتضی وہاب کا کہنا تھا مراد علی شاہ تحریک انصاف کا حصہ نہیں جو مستعفی ہو جائیں، پیپلزپارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، تحریک انصاف کو اقتدار سازشیں کرنے کیلئے نہیں ملا، ناکام حکومت باتیں کم اور کام زیادہ کرے۔
کراچی کے علاقے لانڈھی میں چیسٹ یونٹ کے افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مشیر اطلاعات مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی مثالی ادارہ ہے، فواد چوہدری اگر سازش کرنے وائسرائے کی حیثیت سے سندھ آئے ہیں تو قبول نہیں ہے، وفاقی حکومت دواؤں کے نرخ بڑھا رہی ہے اور حکومت سندھ چیسٹ یونٹ بنا رہی ہے۔
مرتضی وہاب کا مزید کہنا تھا ہمارے وزراء پی ٹی آئی کے وزراء کی طرح نہیں ہیں جو صرف باتیں کریں، سپریم کورٹ کے احکامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے، سندھ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں رہائش پذیر جن لوگوں کو نکالا ہے انھیں متبادل دیا جائے گا۔