اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک بار پھر گرما گرمی ہوئی، نجی بل مسترد کئے جانے پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا، سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا، ڈپٹی سپیکر کو رولنگ واپس لینا پڑ گئی۔
بل ایم ایم اے کی عالیہ کامران نے پیش کیا۔ حکومت کی جانب سے مخالفت پر عالیہ کامران نے ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کیا، گنتی کرائی گئی تو تحریک کی مخالفت میں 96 اور حمایت میں 94 ووٹ آئے، ڈپٹی سپیکر نے دو ووٹ زیادہ ہونے پر تحریک مسترد ہونے کی رولنگ دے دی۔
اپوزیشن نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کیا۔ دوبارہ گنتی نہ کرانے پر اپوزیشن ارکان نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا جس پر ڈپٹی سپیکر نے کارروائی 10 منٹ کے لیے ملتوی کر دی۔
حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو ڈپٹی سپیکر نے بل مسترد ہونے کی رولنگ واپس لیکر مسودہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ بل پر ابتدائی رائے شماری کے دوران اپوزیشن کی شکست نون لیگ کی وجہ سے ہوئی۔ مریم اورنگزیب، نثار چیمہ سمیت 4 ارکان نے بل کی حمایت نہیں کی جس پر خورشید شاہ نے برجیس طاہر سے شکوہ بھی کیا، قومی اسمبلی اجلاس بدھ کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔