سپریم کورٹ نے بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا

Last Updated On 15 January,2019 03:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ بڑھتی آبادی ایک بم ہے، حکومت، پارلیمنٹ، مذہبی سکالر، سول سوسائٹی آبادی کم کرنے کے لئے مل کر کام کریں۔

 چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی وسائل پر دباؤ اور ایک بم کی طرح ہے، دو بچے فی گھرانہ سے بھی آبادی پر قابو پانے میں مدد ملے گی، ریاست کے تمام ستونوں کو آبادی میں اضافہ روکنے کی سفارشات پر مل کر کام کرنا ہوگا، یہ آئندہ نسلوں کے مستقبل کا سوال ہے۔

عدالت نے ہدایت کی ہے کہ آبادی کم کرنے کیلئے حکومت، پارلیمنٹ، مذہبی سکالر اور سول سوسائٹی مل کر مہم چلائیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بڑھتی آبادی کے خلاف پوری قوم کو جنگ لڑنا ہوگی، آبادی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ ملک و قوم کی بدقسمتی ہوگی۔