اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن کے اتحاد پر تحریک انصاف کے رہنما سرجوڑ کر بیٹھ گئے، وزرا سے رابطوں میں فقدان پر ارکان اسمبلی برہم ہو گئے اور کہا یہی حالات رہے تو آئندہ جنوبی پنجاب میں الیکشن کے دوران مشکل ہوگی۔ اسد عمر اور شاہ محمود نے شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
ذرائع کےمطابق ارکان اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا کہ جب سے حکومت میں آئے ہیں پارٹی سطح پر رابطے ختم کر دیئے گئے، وزرا ملاقات کا وقت نہیں دیتے، یہی حالات رہے تو جنوبی پنجاب میں آئندہ انتخابات میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
چیف وہپ عامر ڈوگر نے شکوہ کیا کہ وزرا کی سنجیدگی یہ ہے کہ اجلاس میں شرکت تک نہیں کی۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ وزرا اپنے چیمبرز اور دفاتر میں ارکان سے مسلسل رابطہ یقینی بنائیں۔
فیصل آباد ڈویژن کے پی ٹی آئی ارکان نے گلہ کیا کہ کاشتکاروں سے گنا سرکاری ریٹ پر نہیں خریدا جا رہا۔ شاہ محمود قریشی نےتسلی دی کہ چین کو گندم، گنے، چاول، پھل اور سبزیوں کی برآمد کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا پارٹی نے جب کہا میں بریفنگ کے لئے حاضر ہوا، اپنے کام کو پورا وقت دے رہا ہوں، پارٹی کی امیدوں اور حکومتی اہداف کو ضرور پورا کروں گا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے یقین دلایا کہ ہر وزیر ہفتے میں ایک روز ارکان کو بریف کرے گا۔