'حکومت گرانےکے حق میں نہیں، یہ خود پاؤں پرکلہاڑی ماریں گے'

Last Updated On 17 January,2019 01:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کرتا چھوڑ کر گئے، آج ترقیاتی منصوبے بند پڑے ہیں۔ حکومت کو گرانے کے حق میں نہیں، یہ خود ہی اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماریں گے۔

نوازشریف سے آج کوٹ لکھپت جیل میں مریم نواز سمیت پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی، اس دوران نوازشریف نے کہا کہ ملک اس وقت تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ ڈالر کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور روپے کی قدر کم ہو رہی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج اخبار میری درخواست پر جلدی ملا، پڑھ کر اندازہ ہوا ملک اس وقت بدترین حالت میں ہے، حکومت کو وقت دینا چاہتے ہیں تا کہ یہ کام کریں۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف سے ملاقات کرنے والوں میں ان کی صاحبزادی مریم کے علاوہ ن لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، ایاز صادق اور وکلا کی ٹیم شامل تھی۔