قومی اسمبلی: ن لیگ نے اہم معاملات پر تحاریک التوا جمع کرا دیں

Last Updated On 16 January,2019 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے عوامی اہمیت کے معاملات پر 7 تحاریک التوا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیں، ان میں گیس، بجلی بحران اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر تحاریک التوا شامل ہیں۔

مسلم لیگ ن نے قرضوں، افراط زر میں اضافے اور سی پیک منصوبوں میں سست روی اور مہمند ڈیم کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو دینے کے خلاف بھی تحریک التوا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی۔

تحاریک التوا شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور دیگر کی جانب سے جمع کرائی گئی ہیں۔ تحریک التوا میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سردیوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، لوڈشیڈنگ موجودہ صورتحال حکومت کی بڑی ناکامی ہے۔

دوسری تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ گیس لوڈشیڈنگ سے عام آدمی بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اس کے منفی اثرات ہرشعبے کو متاثر کر رہے ہیں۔ گیس لوڈشیڈنگ حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

قرضوں سے متعلق تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ ملکی قرضوں میں اضافے سے شرح نمو میں کمی ہوئی جس قرضے بڑھ گئے۔ سی پیک سے متعلق تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر کام سست روی کا شکار ہے جس سے حکومت کی نیت اور اہلیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ قومی اہمیت کے ان معاملات پر ایوان میں فوری طور پر بحث کرائی جائے۔