راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارتی فورسز نے پاکستانی آبادی کو اپنی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا نشانہ بنایا، پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 ہندوستانی فوجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے پھر سول آبادی پر گولے برسا دیے، ایل او سی کے کھوئی رٹہ اور کوٹ قدیرا سیکٹرز میں بلا اشتعال گولہ باری کی گئی۔
وطن کے محافظوں نے ازلی دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، دو کو زخمی اور چیک پوسٹیں بھی تباہ کر دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے محمد مشتاق نامی شہری زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔