لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف نے این آر او مانگا ہے، جتنی مرضی کوشش کرلیں کسی کو این آر او نہیں ملے گا، ملک میں کرپٹ افراد کی گنجائش نہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا بلاول کو سیاست کرنی ہے تو وہ بھٹو بنیں، زرداری نہیں، آصف زرداری نے بے نظیر کی وصیت کو اپنے مقصد کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا پی اے سی کی رکنیت کیلئے باقاعدہ درخواست دی ہے، آئین وقانون کے تحت کوئی پی اے سی کا رکن بننے سے نہیں روک سکتا، شہباز شریف باقی معاملات کا آڈٹ کریں، میں انکے معاملات کا آڈٹ کرونگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا میرا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جانا لازمی ہے، پی ٹی آئی اپنے کس رکن کا نام واپس لیتی ہے یہ ان کا مسئلہ ہے، میں اس وقت پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ سینئر اور تجربہ کار ہوں، شہباز شریف نے خود کہا تھا کہ وہ ن لیگ کے کیسز میں سربراہی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا ق لیگ والے اتحادی ہیں، ساتھ رہیں گے، ملک میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں، منی بجٹ سے عام آدمی کو نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا مستقبل میں امریکی صدر کو بھی پاکستان آتا دیکھ رہا ہوں، آئی ایم ایف کی وہ شرائط مان رہے ہیں جو ملکی مفادمیں ہوں، قوم اور تمام ادارے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔