راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اقوام متحدہ کے تحت پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریا فرنینڈا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
جنرل اسمبلی کی صدر ماریا فرنینڈا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اقوام متحدہ خطے میں مسائل کے حل میں پاکستانی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو اہمیت دیتا ہے۔
ماریا فرنینڈا نے کہا کہ جنگ زدہ علاقوں میں قیام امن کے لیے پاک فوج کا اقوام متحدہ سے تعاون قابل تعریف ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اقوام متحدہ کے تحت پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔