کراچی: (دنیا نیوز) دھند نے گڈو تھر مل پاور اسٹیشن کا سسٹم بٹھا دیا، 3 پیداواری یونٹ بند ہوگئے، نیشنل گرڈ کو 870 میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، کراچی کا 80 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ فنی خرابی کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بجلی کئی گھنٹے سے بند ہے۔
دھند کے باعث گڈو تھر مل پاور کے بجلی پیدا کرنے والے 3 یونٹ ٹرپ کر گئے جس سے نیشنل گرڈ کو 870 میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹے سے بند ہے۔ نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ کے باعث کراچی کو بڑے بریک ڈاؤ ن کا سامنا ہے، شہر کا 80 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہے، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں بتی گل ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی جلد بحال کر دی جائے گی۔ کے الیکٹرک کے زی سسٹم میں بھی ٹرپنگ آئی ہے تاہم نیٹ ورک محفوظ ہے تاہم بجلی غائب ہونے کے باعث شہری اذیت سے دوچار ہیں۔ مین ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے کئی اضلاع بجلی سے محروم ہیں جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔ ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق ان کی ٹیمیں بجلی کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہیں، جلد فنی خرابی پر قابو پالیں گے۔